سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدرفضل مقیم خان نے رحیم خان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام چوتھی آل پاکستان چیمبرز پریذنٹس کانفرنس 2025ء میں خیبر پختونخوا کی بزنس کمیونٹی کی نمائندگی کرتے ہوئے شرکت کی۔ کانفرنس کا بنیادی مقصد کاروباری طبقہ کے مسائل کو اجاگر کرکے حکومتی نمائندوں اور پارلیمنٹرین کو ان کے قابل عمل حل کے لئے ایک مشترکہ روڈ میپ پیش کرنا ہے۔ اس موقع پر سرحد چیمبر کے صدرفضل مقیم خان نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خیبر پختونخوا کے پوٹینشل میں سرمایہ کاری کے مواقعوں کی نشاندہی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال کے تناظر میں ملک بھر میں کاروباری طبقہ انتہائی پریشان اور مشکل حالات سے دوچار ہے۔ انہوں نے موجودہ حکومت کی جانب سے سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے اقدامات کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ حکومت ٹیکس پالیسی پر نظرثانی کرے اور موجودہ ٹیکس گزاروں ٗ کارباری طبقہ پر اضافی ٹیکسوں کا بوجھ ڈالنے کی بجائے نئے لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے۔ سرحد چیمبر کے صدرفضل مقیم خان نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ آئندہ مالیاتی بجٹ میں کاروباری طبقہ کو مراعات اور ریلیف کی فراہمی کیلئے اقدامات اٹھائیں اور کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے اور صنعت و تجارت دوست پالیسیوں کے نفاذ کو یقینی بنائیں تاکہ ملک بھر میں سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت کو استحکام و ترقی کی راہ پر گامزن ہو۔ انہوں نے ملک بھر میں تاجروں ٗ صنعت کاروں کو دیگر مسائل کے حل کیلئے کانفرنس کے دوران جامع قابل عمل تجاویز پیش کیں۔ بعد ازاں سرحد چیمبر کے صدرفضل مقیم خان نے چولستان کے صحرا پر منعقدہ ریلی میں بھی شرکت کی۔