خبریں

سرحد چیمبر کا پشاور سے ایکسپورٹ کارگو ٹرین کی بحالی اور فریٹ نرخوں میں کمی کا مطالبہ

04 November 2025

سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد ندیم نے پاکستان ریلوے سے مطالبہ کیا ہے کہ پشاور سے ایکسپورٹ کارگو ٹرین کو فوری بحال کیا جائے اور فریٹ کے نرخ دیگر صوبوں کے برابر لائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے برآمدی سامان کی نقل و حمل کا سب سے سستا ذریعہ ہے، اس کی بحالی ایکسپورٹ کے فروغ کے لیے ناگزیر ہے۔
یہ مطالبات چیمبر ہاؤس میں ڈی ایس ریلوے پشاور ڈویژن فرمان غنی سے ملاقات کے دوران کیے گئے۔ ملاقات میں چیئرمین کمیٹی ضیاء الحق سرحدی، ایگزیکٹو ممبر عدنان ناصر، سیکرٹری جنرل مقتصد احسن، اور فرنٹیئر کسٹمز ایجنٹس ایسوسی ایشن کے صدر بھی شریک تھے۔ ریلوے کی جانب سے ڈویژنل کمرشل آفیسر ڈاکٹر عابدہ مریم لودھی اور ڈپٹی ڈائریکٹر پراپرٹی اینڈ لینڈ شاہنواز خان بھی موجود تھے۔
اجلاس میں GITA ٹرین سروس کی بحالی، SRO-121 کے خاتمے، ریلوے ایڈوائزری کمیٹیوں کے فعال ہونے، ڈرائی پورٹ میں مرچنٹ روم کے قیام، سفاری ٹرین کی بحالی، اور ریلوے کراسنگ لائن پھاٹکوں کی مرمت جیسے مسائل پر زور دیا گیا۔
محمد ندیم نے اضاخیل ڈرائی پورٹ کو مکمل فعال بنانے اور انڈسٹریل اسٹیٹ حیات آباد میں ریلوے سے متعلق مسائل کے حل پر بھی زور دیا۔
ضیاء الحق سرحدی نے اضاخیل ڈرائی پورٹ میں سہولیات کے فقدان اور 600 ملین روپے کی لاگت سے بنائے گئے اس منصوبے کی غیر فعالیت پر تشویش ظاہر کی اور پشاور تا کراچی ایکسپورٹ کارگو ٹرین، GITA سروس کی بحالی، اور دوہری چیکنگ و ڈیمریج چارجز کے مسائل حل کرنے کا مطالبہ کیا۔
ڈی ایس فرمان غنی نے تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا کے مسافروں کی سہولت کے لیے خوشحال خان خٹک ٹرین کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔
 

NEWS