*جائز دکانوں اور مارکیٹوں کو مسمار اور تاجروں کو بے روزگار کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے ٗ صدر فضل مقیم خان*
*حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے جائز کاروبار کرنیوالوں کی دکانوں کو مسمار کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی*
*حکومت کاروبار کش پالیسیوں کو فوری بند کرے ٗآپریشن کے دوران کسی بھی تاجر کو بے جا ہراساں کرنے نہیں دیا جائے گا*
*پشاور 22جولائی 2025ء*
سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے مقامی انتظامیہ کی جانب سے جاری ناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تاجر برادری حکومت اور انتظامیہ کے ساتھ ناجائز تجاوزات کو ہٹانے کے لئے تعاون کرتی ہے تاہم آپریشن کی آڑ میں جائز کاروبار ٗ دکانوں اور مارکیٹس کی مسماری تاجر وں کے معاشی قتل کے مترادف ہے جو کسی صورت بھی قابل قبول نہیں۔ گذشتہ روز سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدرفضل مقیم خان ٗ سینئرنائب صدر عبدالجلیل جان ٗ نائب صدرشہریار خان اور چیمبر کے جملہ ایگزیکٹو اراکین نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ناجائز تجاوزات کو مسمار کرنے پر تاجر برادری نے ہمیشہ تعاون کیا اور کسی قسم کی رکاوٹ نہیں پیدا کی ہے لیکن تجاوزات کی آڑ میں قانونی و جائز کاروبار کرنیوالے تاجروں کی دکا نو ں کو مسما ر کر نے اور انکے منہ سے نوالا چھیننے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ا نہوں نے کہاکہ موجودہ صورتحال کی وجہ سے تاجر طبقہ پہلے ہی کافی پریشان حال ہے اور کاروبار ٗ صنعت و تجارت انتہائی جمود کا شکار ہے جس کی وجہ سے تیزی سے بے روزگاری میں بھی اضافہ ہے دوسری جانب حکومت کی جا نب سے کاروبار کش پالیسیوں کے نفا ذرہی سہی کسر پوری کررہی ہے جو کہ نہ صرف ملک و صوبے کی معیشت کے استحکام میں ایک بڑی رکاوٹ ثابت ہوگی بلکہ کاروباری طبقہ تنگ ہوکر صوبے و شہر سے ہجرت کرنے پر مجبور ہوجائے گا۔سرحد چیمبر کے سینئر عہدیداران نے کہا کہ حکومت اور انتظامیہ کو کاروبار و صنعت دوست پالیسیوں کو تشکیل دینا چاہئے اور چلتے کاروبار وکومسما ر کرنے کا سلسلہ کو فوری بند کرے۔ سرحد چیمبر کے صدرفضل مقیم خان نے کہا ہے کہ ناجائز تجاوزات کے خلاف تاجر برادری حکومت اور انتظامیہ کے شانہ بشانہ کھڑی ہے لیکن آپریشن کے دوران جائز کاروبار کرنے والے تاجروں کے دکانوں کو مسمار کرنا حکومت کی کاروبار و صنعت دشمن اقدامات کی نفی ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور ٗ چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ اورکمشنر پشاور ریاض محسود ٗ ڈپٹی کمشنر پشاور اور دیگر اعلیٰ حکام سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ آپریشن کے دوران جائز کاروبار کرنیوالے تاجروں کو بے جا تنگ کرنے اور انکی دکانوں کومسمار نہ کیا جائے اور کاروبار دوست پالیسیوں کے نفاذ کو ہر سطح پر یقینی بنایا جائے۔