سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدرفضل مقیم خان نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے صوبائی دارالحکومت پشاور میں مجوزہ ٹریفک مینجمنٹ پلان اور تجاوزات کے خاتمے بارے میں اعلیٰ سطح پر قائم کمیٹی میں چیمبر اور تاجروں کو نمائندگی دینے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ مجوزہ پلان کے نفاذ کے حوالے سے بزنس کمیونٹی / تاجروں کے خدشات اور تحفظات کو دور کرنے کے ساتھ ساتھ اسے من و عن و جلد قابل عمل میں بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ تاجر برادری شہر بھر میں ناجائز تجاوزات اور ٹریفک کے مسائل کو حل کرنے کے لئے ہر ممکن تعاون کے لئے تیار ہیں تاہم تجاوزات کی آڑ میں کاروبار اور دکانوں اور مارکیٹیں مسمارکرنا کسی صورت بھی قابل قبول نہیں ہوگا۔انہوں نے ٹریفک مینجمنٹ اور تجاوزات کو ہٹانے کے پلان تاجر برادری اور سٹیک ہولڈرز سے مزید مشاورت کے بعد نافذ کرنے پر زور دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز ڈپٹی کمشنر پشاور اورواٹر اینڈ سینی ٹیشن کمیٹی پشاور کے باہمی اشتراک سے مجوزہ ٹریفک پلان اور تجاوزات کے خاتمہ اور ویسٹ مینجمنٹ بارے میں جامعہ حکمت عملی پلان کے حوالے سے آ گاہی /مشاورتی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر پشاور عامر شہزاد ٗسرحد چیمبر کے سینئر نائب صدر عبدالجلیل جان ٗ نائب صدرشہریار خان ٗ سرحد چیمبر کی لاء اینڈ آرڈر سٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین شوکت علی خان ٗ سابق صدور انجینئر مقصود انور پرویز ٗ ذوالفقار علی ٗ سابق سینئر نائب صدر ثناء اللہ خان ٗسابق نائب صدر جاوید اختر ٗ ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران ندیم رؤف ٗ آفتاب اقبال ٗ اشفاق احمد ٗ سیف اللہ خان ٗ مجیب الرحمان ٗ گل زمان ٗ سلطان محمد ٗ سمال انڈسٹریل اسٹیٹ ایسوسی ایشن کوہاٹ روڈ پشاور کے صدر وحید عارف اعوان اور اقبال سکندر ٗ فیض رسول ٗ صدر گل ٗ فضل واحد ٗ احسان اللہ ٗ حبیب اللہ زاہد ٗاصغر خان ٗ طاہر نواز ٗ فیروز شاہ ٗ رحمان گل ٗ شاہد خان ٗ اسماعیل صافی ٗ سیکرٹری جنرل سرحد چیمبر مقتصد احسن سمیت مختلف سیکٹر سے وابستہ کاروباری حضرات ٗصنعتکار و تاجر کثیر تعداد میں موجود تھ ے۔ مشاورتی اسیشن کے دوران اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر پشاور عامر شہزاد نے مجوزہ ٹریفک مینجمنٹ پلان اور شہر بھر سے تجاوزات کے خاتمہ کے حوالے سے ایک جامعہ ملٹی میڈیا پریذنٹیشن کے ذریعے شرکاء کو تفصیلی طور پر آگاہ کیا اور تاجر برادری سے مجوزہ پلان کو مزید بہتر بنانے سمیت خدشات و تحفظات کو دور کرنے کے لئے تجاویز مانگی ہے۔ سینئر افسر کا کہنا تھا کہ مجوزہ پلان کو جلد ہی وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے سامنے پیش کیا تاہم ان سے قبل تاجر برادری سمیت متعلقہ سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جا رہی ہے اور آج کا سیشن اس سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ سرحد چیمبر کے لاء اینڈ آرڈرسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین شوکت علی خان نے شہر بھر میں ٹریفک کے نظام میں بہتری لانے اور ناجائز تجاوزات کے خاتمہ میں تاجر برادری کی جانب سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی تاہم انہوں نے واضح کیا کہ تجاوزات کو ہٹانے کی آ ڑ میں تاجروں اور چھوٹے دکانداروں سے رزق اور روزی ٗ منہ سے نوالے چھینے کی کوشش کی گئی تو اس کے خلاف سخت مزاحمت کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ تاجر برادری پہلے ہی مشکل حالات سے دوچار ہے ایسے اقدامات سے گریز کیا جائے جو کہ صوبائی حکومت متعلقہ محکمہ جات اور تاجر برادری کے درمیان دتصادم و خلیج کا باعث بنیں۔ قبل ازیں سرحد چیمبر کے سابق صدر ذوالفقار علی خان ٗ انجینئر مقصود انور پرویز ٗوحید عارف اعوان ٗ ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران نے مجوزہ ٹریفک مینجمنٹ پلان اور تجاوزات کے خاتمہ کے پلان کو مزید مربوط و موثر بنانے کے لئے متعدد تجاویز اور تاجر برادری کے تحفظات و خدشات کو دور کرنے کے بعد پلان کے نفاذ پر زور دیا ہے۔ اس موقع پر ڈبلیو ایس ایس پی کے سینئر افسران نے بھی خطاب کیا اور شہر بھر میں صفائی و ستھرائی کے نظام کے حوالے سے ایوان کو بریف کیا۔