سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدرفضل مقیم خان ٗ سینئر نائب صدر عبدالجلیل جان اور نائب صدرشہریار خان نے دی بینک آف خیبر کے سی ای او / مینجنگ ڈائریکٹر حسن رضا سے دی بینک آف خیبر آفس میں ملاقات کر رہے ہیں۔ اس موقع پر دی بینک آف خیبر کے ایس ای و پی / گروپ ہیڈ اسلامک بینکنگ گروپ عبداللہ غفار ٗ ایس ای وی پی / گروپ ہیڈ آپریشنز اینڈ سپورٹ امین ساجد اور ایس ای وی پی/ پرنسپل سٹاف آفیسر ٹو ایم ڈی محمد فواد سدوزئی بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدرفضل مقیم خان اور ایم ڈی / سی ای او دی بینک آف خیبر حسن رضا کے مابین کاروباری حضرات کو چھوٹے پیمانے پر قرضوں کے اجراء میں مشکلات اور خیبر بینک کے ذریعے سہولیات کی عدم فراہمی اور دیگر مسائل کے حوالے سے تاجروں کے تحفظات بارے تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ اس موقع پر سرحد چیمبر کے صدرفضل مقیم خان نے کہا کہ دی بینک آف خیبر چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار و صنعتوں کو آسان شرائط پر قرضوں کے اجراء کے لئے عملی اقدامات اٹھائیں تاکہ صوبے میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے ذریعے لوگوں کو زیادہ روزگار کے مواقع میسر آسکیں۔ انہوں نے کہاکہ دی بینک آف خیبر صوبے کا پرائم مالیاتی ادارہ ہونے کے ناطے یہاں کے کاروباری طبقہ کوترجیحی بنیادوں پر زیادہ سے سہولیات فراہم کرے اور خصوصی اقدامات کے تحت کاروبار وصنعت کی حوصلہ افزائی کرے۔دی بینک آف خیبر کے سی ای او / مینجنگ ڈائریکٹر حسن رضا نے سرحد چیمبر کے صدر فضل مقیم خان اور ان کی کابینہ کے اراکین کو یقین دلایا کہ تاجر وں اور صنعتکاروں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے اورانہیں قرضوں کے اجراء میں حائل مشکلات کو دور کرنے سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی میں آسانیاں پیدا کی جائیں گی۔ انہوں نے سرحد چیمبر کے عہدیداران کی جانب سے پیش کردہ تجاویز اور سفارشات سے اتفاق کیا اور صنعت و تجارت کے ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والے کاروباری حضرات کو آسان شرائط اور ڈاکو منٹیشن کی جانچ پڑتال کے بعد جلد سے جلد قرضوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔