سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدرفضل مقیم خان نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے کاروبار دوست پالیسیوں کی تشکیل پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر بالخصوص قدرتی خزانوں سے بھرا خیبر پختونخوا میں مختلف اہم شعبہ جات میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔ تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت مقامی تاجر و صنعت کاروں کو سہولیات اور خصوصی مراعات دے جس کے نتیجہ میں بیرونی سرمایہ کاری کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے 37ویں سینئر مینجمنٹ کورس کے افسران ٗ نیشنل انسٹی ٹیوٹ پبلک ایڈمنسٹریشن کے زیر تربیت وفد کے دورہ سرحد چیمبر کے موقع پر کیا۔ اجلاس کے دوران سرحد چیمبر کے سینئر نائب صدر عبدالجلیل جان ٗ نائب صدر شہریار خان ٗ سابق صدور حاجی محمد افضل ٗ ذوالفقار علی خان ٗ ریاض ارشد ٗسابق سینئر نائب صدر شاہد حسین ٗ ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین آفتاب اقبال ٗ شمس الرحیم اور احسان اللہ ٗ سیکرٹری جنرل سرحد چیمبر مقتصد احسن بھی موجود تھے۔ سینئر مینجمنٹ کورس کے افسران کو ملٹی میڈیا پریذنٹیشن کے ذریعے سرحد چیمبر کے قیام ٗ اغراض و مقاصد ٗ بزنس کمیونٹی کے لئے ریلیف اور دیگر اقدامات سمیت مستقبل کے پلان کے بارے میں تفصیلی طورپر آگاہ کیا۔ سرحد چیمبر کے صدرفضل مقیم خان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا گیس ٗ بجلی ہائیڈل پاور جنریشن ٗ گیس ٗ پٹرولیم سمیت دیگر قدرتی وسائل سے مالا مال ہے۔ انہوں نے اس موقع پر سیکورٹی کی مخدوش صورتحال ٗ گیس ٗ تیل اور دیگر قدرتی وسائل پر آئینی حقوق کی عدم فراہمی اور سرمایہ کاری اور صنعتی ترقی میں دیگر مسائل سے ایوان کو تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔