خبریں

سرحد چیمبر اور ضلعی انتظامیہ کا ویکسی نیشن عمل میں تیزی لانے پر اتفاق

28 June 2021

سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان تاجر برادری کو کورونا ویکسی نیشن کروانے کے عمل میں تیزی لانے کے لئے مشترکہ لائحہ عمل تیار کرنے کا فیصلہ ہوا ہے۔یہ فیصلہ گذشتہ روز سرحد چیمبر کے صدر شیر باز بلور کی سربراہی میں ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن ریٹائرڈ خالد محمود کے دورہ سرحد چیمبر کے موقع پر اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ہوا ہے۔ اس موقع پر سرحد چیمبر کے سینئر نائب صدر انجینئر منظور الٰہی ٗ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اشفاق خان ٗ اسسٹنٹ کمشنر سید نعمان علی شاہ ٗسابق صدور حاجی محمد افضل ٗ فواد اسحق ٗ ذوالفقار علی خان ٗ فیض محمد فیضی ٗ سابق نائب صدور حاجی عبدالجلیل ٗ عابد اللہ خان یوسفزئی ٗ ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران ظہور خان ٗ محمد اورنگزیب ٗ غلام بلال جاوید اور احسان اللہ ٗ شمس الرحیم ٗ صدر گل ٗ ندیم رؤف ٗ فضل واحد ٗ سید اعجاز علی شاہ ٗ سید منہاج الدین ٗ راشد اقبال صدیقی ٗ پشاور شہر کے مختلف بازاروں ٗ ایسوسی ایشنز کے صدور ٗ جنرل سیکرٹریز و عہدیداران سمیت تاجروں اور صنعتکاروں کی کثیر تعداد میں موجود تھی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سرحد چیمبر کے صدر شیر باز بلور نے بزنس کمیونٹی اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان رابطوں کو مزید بہتر و مستحکم بنانے پر زور دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کاروباری طبقے کے فوری مسائل کے حل کیلئے ایک فوکل پرسن مقرر کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کورونا وائرس سے متاثر کاروبار کی مکمل بحالی کیلئے پرانے کاروباری اوقات کار دوبارہ نافذ کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری ملکی معیشت کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ٹیکس وصولی اور آپریشنز کے دوران تاجروں کی عزت نفس کا خیال رکھا جائے۔ انہوں نے کہاکہ بزنس کمیونٹی تجاوزات کے خلاف تاہم تاجروں کو تجاوزات کی آڑ میں بے جا ہراساں اور گرفتاریاں ناقابل قبول ہے اور بے جا ہراساں کرنے کا سلسلہ فوری بند کیا جائے۔اس موقع پر سرحد چیمبر کے صدر شیر باز بلور اور ڈپٹی کمشنر پشاورکیپٹن ریٹائرڈ خالد محمود کے مابین تاجر برادری کوکورونا ویکسی نیشن کو یقینی بنانے کے لئے مشترکہ طریقہ کار وضح کرنے پر اتفاق ہوا۔ سرحد چیمبر کے صدر شیر باز بلور نے تاجر برادری کے مسائل کے دیرپا و فوری حل کرنے کیلئے کی ایک فوکل پرسن مقرر کرنے کا مطالبہ کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن ریٹائرڈ خالد محمود نے خطاب کرتے ہوئے کورونا لاک ڈاؤن کے دوران بزنس کمیونٹی کی جانب سے تعاون پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کسی بھی ملک کی معاشی و اقتصاد ی ترقی میں بزنس کمیونٹی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملکی معاشی استحکام و بہتری کے لئے کاروبار اور تجارت کو بڑھانے اور بہتری لانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے یقین دلایا ہے کہ ضلعی انتظامیہ تاجر برادری کی عزت نفس کا مکمل خیال رکھے گی اوردوستانہ ماحول اور باہمی مشاورت سے مسائل حل کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ڈپٹی کمشنر آفس کے دروازے تاجر برادری کے لئے ہر وقت کھلے ہیں۔ انہوں نے تاجر برادری سے کہا ہے کہ کورونا ویکسی نیشن کو یقینی بنائیں کیونکہ کورونا لاک ڈاؤن سے بزنس کمیونٹی سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہے اگر چوتھی لہری آئی تو حالات سے پہلے سے زیادہ خطرناک ہوسکتے ہیں اس لئے مکمل کاروبار اور تجارت کی بحالی کے لئے بزنس کمیونٹی کے لئے کورونا ویکسی نیشن کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے 50 سے زائد ویکسی نیشن سنٹرز پشاور شہر میں قائم کئے ہیں لیکن پشاور میں صوبہ کے دیگر اضلاع کے مقابلہ میں ویکسی نیشن کی شرح بہت کم ہے۔ انہوں نے کہاکہ نوجوان سمیت تمام آبادی کو ویکسی نیشن کروانا ضروری ہے۔ انہوں نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ گذشتہ تین ماہ کے دوران تقریباً 22 لاکھ آبادی میں ڈیڑھ لاکھ تک لوگوں نے بھی پشاور میں ویکسی نیشن نہیں کروائی ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بازاروں ٗ مارکیٹ ٗ فیکٹریوں اور کاروباری مراکز کی سطح پر کورونا ویکسی نیشن کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے پرائس کنٹرول کمیٹی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ملاوٹ اور زائد المیعاد اشیاء اور ذخیرہ اندزوں کے خلاف مل کر ایکشن لینا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ سرحد چیمبر ٗبزنس کمیونٹی اور ضلعی انتظامیہ ایک ٹیم کے تحت کام کرے گی اور مسائل کو مشترکہ کوششوں سے حل کیا جائے گا۔ سرحد چیمبر کے صدر شیر باز بلور نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کوکورونا ویکسی نیشن کروانے کے لئے سرحد چیمبرضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کرے گا۔ انہوں نے کہاکہ سرحد چیمبر نے سربراہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (NCOC) کے سربراہ اسد عمر کے ساتھ مشاورت کے بعد ویکسی نیشن کے لئے ایک مربوط پلان تشکیل دیا ہے۔ اس موقع پر سرحد چیمبر کے سابق صدور حاجی محمد افضل ٗ فواد اسحق اور محمد اورنگزیب ٗ احسان اللہ ٗ ظہور خان ٗ غلام بلال جاویداور دیگر نے بھی خطاب کیا اور کورونا لاک ڈاؤن سے پریشان بزنس کمیونٹی کے خدشات و تحفظات سے تفصیلاً آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر پشاور خالد محمود نے بزنس کمیونٹی کے مسائل کو سرحد چیمبر کے صدر شیر باز بلور کی سفارشات و تجاویز کی روشنی میں فوری حل کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔ 

NEWS